اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)پاکستان ،ناروے کا اقوام متحدہ چارٹر کے تحت تنازعات کے پرامن حل پر اتفاق ،مختلف معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کرلیا ۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ کاوزارت خارجہ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے استقبال کیا،وفود کی سطح پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،خطے کی صورتحال و عالمی امور پر تبادلہ خیال،تجارت و سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا گیا،پاکستان نے ناروے کو بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے، مسئلہ کشمیر و سلامتی کونسل قراردادوں کی خلاف ورزی سے بھی آگاہ کیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ناروے کے وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان ناروے کےساتھ اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے، نارویجن کمپنیاں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہابھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پہلے سے کشیدہ صورتحال میں نئی جہت پیدا کی،بھارت پانی کو ہتھیار بنانا بند ،سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی ذمے داریاں پوری کرے، پاکستان ،ناروے نے دفاع، تجارت ،موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن نارتھ نے کہا پاکستان ،ناروے کے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، امریکہ ،ایران جنگ میں بطور ثالث وزیراعظم شہبازشریف ،فیلڈمارشل عاصم منیر کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستانی قیادت نے مشکل وقت میں جراتمندانہ کردار ادا کیا۔
ایسپن نارتھ نے کہا موجودہ کشیدگی عالمی امن ومعیشت کیلئے انتہائی خطرناک ، پاکستان نے خطے و عالمی امن کیلئے احسن کردار ادا کیا، ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے، پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے خوشگوار ،دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا،ناروے کے وزیر خارجہ نے ایران امریکہ تنازع کے دوران پاکستان کے اہم و تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار ،فیلڈ مارشل کی قیادت اور خدمات کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا۔
دریں اثناناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، سید عاصم منیر نے عالمی امن ،علاقائی استحکام پر پاکستان کا موقف اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون ،مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا،ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا،دونوں ممالک نے دفاعی و سکیورٹی شعبوں سمیت باہمی تعاون بڑھانے ،دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان ،ناروے کا تنازعات کے پرامن حل پر اتفاق،بھارت پانی کو ہتھیار بنانا بند کرے،اسحاق ڈار

















