خیبرپختونخوا ، دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں، 4 اہم کمانڈرزسمیت 9 خارجی ہلاک

پشاور (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسزکی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جبکہ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے4 اہم دہشت گرد کمانڈرسمیت 9 خارجی ہلاک کردئیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج کے ہلاک اہم دہشت گرد کمانڈرزمیں خارجی خالد رضا،خارجی کامران، خارجی موسیٰ اورخارجی مفتوم شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسزکی موثرکارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا، عزم استحکام ویژن کے تحت جاری کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی اور کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشت گرد ہلاک کرنے پر افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف مو¿ثر کارروائیاں کی گئیں، فتنہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و جوان دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں، دہشت گردوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے اور اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔