اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)خیبرپختونخوا میں گورنر راج ،ایمرجنسی کے باعث بلدیاتی انتخابات موخر کر دیئے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آرٹیکل140-Aکی معطلی کے حکم نامے کے بعد انتخابات کراناممکن نہیں رہا۔
سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کے آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیکرآرڈر کی شق نمبر 2 کے تحت آرٹیکل140-Aکو معطل کردیا، آرٹیکل کی معطلی کا اطلاق دیگر تمام اضلاع پر بھی کر دیا گیا، آرٹیکل 140-Aصوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام پر ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آرٹیکل 140-Aکی ذیلی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاقی حکم نامے کے باعث خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہااب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکم ثانی روک دئیے۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا حکم دیتے ہوئے پہلے مرحلے میں پولنگ کےلئے 7 فروری کی تاریخ مقرر کردی،سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بنچ نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع درخواست پر سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا پنجاب حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران الیکشن کرانے کا کہا تھا، چیف سیکرٹری نے وضاحت پیش کی بلدیاتی الیکشن کی تیاری مکمل ہے، 20 جنوری کے بعد کی تاریخ دی جائے کیونکہ تیاری کےلئے 2 ماہ چاہئیں،دسمبر میں بہت دھند ہوتی ، 20 جنوری کے بعد موسم کھل جاتا ہے، سٹاف کےلئے انتظامات کے معاملے پردسمبر بہت تکلیف دہ ہوتا ہے،،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا آپ تو اپریل کا الیکشن کہہ رہے تھے ،چیف سیکرٹری نے کہادوبارہ سوچا جنوری ،فروری میں انتخابات پر اعتراض نہیں، اپریل میں الیکشن سوٹ کرتا تھا کیونکہ سکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں، سردی میں دن بہت چھوٹا اور ووٹر نہیں نکلتا، اپریل میں روشنی کا پورا دن ملتا ہے،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا بسنت تو ویسے آپ منا رہے ہیں ،20 جنوری کی درخواست پر غور کریں گے۔
بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی درخواست منظور کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو کرانے کا حکم دیدیا،حکمنامے کے مطابق چیف سیکرٹری نے استدعا کی موسم ،انتظامی سہولت کے پیش نظر انتخابات مرحلہ وار کرائے جائیں، انتخابات ایمانداری، انصاف ،قانون کے مطابق کرانا اور لیول پلیئنگ فیلڈ دینا کمیشن کی ذمہ داری ہے،چیف سیکرٹری پنجاب کی استدعا مفاد انصاف میں قبول کر لی ، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری کو ہوگا، سیکرٹریٹ کو فالو اپ کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ۔
کے پی میں بلدیاتی انتخابات موخر ،پنجاب میں پہلا مرحلہ 7 فروری کو ہوگا،الیکشن کمیشن
















