پٹرولیم قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کو پہنچایاجائے،شہباز صاحب!مہنگائی کنٹرول کریں،نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)قائد ن لیگ نوازشریف نے پٹرولیم قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کو پہنچانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی،دونوں رہنماوں کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، شہباز شریف نے ملکی مجموعی سیاسی ، معاشی صورتحال سمیت اہم امور پر بریفنگ دی، مہنگائی کی شرح میں مزید کمی لانے ،عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا شہباز صاحب! پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچائیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہی عوام کو ریلیف دینا ہے،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے رہنے والی پالیسیاں بنائیں،ن لیگ ہمیشہ ایسی پالیسیاں بناتی ہے جس کا براہ راست ریلیف عوام کو پہنچے،قائد ن لیگ نے کہامعاشی استحکام کے اقدامات مزید تیز ،عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایاجائے۔

بعد ازاں وزیرا عظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال و مختلف امور پر بات چیت کی گئی، وزیر اعظم نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر اعتماد میں لیا، صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کیے گئے اقدامات ،حکومتی اصلاحات، ملک کو درپیش چیلنجز،تدارک اقدامات سے بھی آگاہ کیا،ملاقات میںملکی سیاسی امور ،معاشی بہتری کے اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ملاقات میں شریک رہے۔