آزاد کشمیر انتخابات پہلا مرحلہ، میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ جاری

میرپور (مشرق نیوز) آزاد کشمیر میں الیکشن کا پہلا مرحلہ آج شروع ہو گیا، میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں انتخابی میدان سج گیا اور پولنگ شروع ہو گئی ہے۔میر پور ڈویژن کے 13 حلقوں میں ووٹنگ کیلئے پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی، میرپور ضلع کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، 13 حلقوں میں 288 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹر رجسٹرڈ، جن میں سے 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 1241 انتہائی حساس، اور 724 حساس قرار دے گئے ہیں۔ الیکشن کی سکیورٹی کیلئے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات ہوں گے، پاک فوج کے 2100 جوان بھی الیکشن کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ر)غلام مصطفی مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پ±رامن انتخابات کیلئے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز ، ڈی آئی جی پولیس میرپور ڈویژن کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 میرپور تین سٹی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 36 ، 37 ، 38 اور 39 کا دورہ کیا، عملہ سے گفتگو کی اور پولنگ کے عمل کو تسلی بخش قرار دیا۔

راجہ طاہر ممتاز نے بتایا کہ شہری حلقوں میں ووٹرز دیر سے ووٹ پول کرتے ہیں ، دیہی علاقوں میں ووٹرز کی غیر معمولی تعداد موجود ہے سیکورٹی کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے 20 ہزار سے زائد اہلکار پولنگ سٹیشنوں کیلئے مامور ہیں۔ کسی بھی پولنگ سٹیشن سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاعات نہیں۔

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے فیز میں الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے مبینہ دھاندلی کے الزامات سامنے آنے پر 2 پریزائیڈنگ افسران کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کر دیا۔ترجمان الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق 2 پریزائیڈنگ افسران پولنگ سٹیشن کے بجائے نجی رہائش گاہ چلے گئے تھے، جس پر ریٹرننگ افسر نے پولنگ بیگز فوری تحویل میں لے لئے، انکی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر کے، انہیں پولنگ سٹیشنوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کیخلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے، انتخابی عمل میں غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی، شفاف، غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کیلئے ہر ممکن اقدام جاری ہے۔