کراچی ، رینجرز کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ تنظیم کا حملہ، 3 جوان شہید

راولپنڈی (مشرق نیوز) پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، بروقت جواب میں 3 دہشت گرد مارے گئے، رینجرز کے 3 جوان دھرتی پر قربان ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے خوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا، دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکہ کرنے کے بعد سکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی۔

رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی افغان دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی ار کے مطابق مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان شہدا کے خون کا بدلہ لینے کیلئے حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں کریگا۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کے حملے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ حملہ ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں کی لازوال قربانی قوم کے پختہ عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے، شہدا کی عظیم قربانیاں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔