اسحاق ڈار اور مصری ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان گزشتہ رات ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماوں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کیلئے جاری سفارتی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری رابطوں کے مثبت اور جلد نتائج برآمد ہونے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان رابطوں میں پیشرفت خطے میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔