اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو ریلیف دیتے ہوئے دو ایڈہاک الاونس بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق سال 2022 اور 2025 کے ایڈہاک الاونسز کو بنیادی تنخواہ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔2022 کا 15 فیصد ایڈہاک ریلیف الاونس بنیادی تنخواہ میں ضم کر دیا گیا ہے جبکہ 2025 کا 10 فیصد ایڈہاک الاونس بھی بنیادی تنخواہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں اضافہ ہوگا، جس کے اثرات دیگر مراعات اور الاونسز پر بھی مرتب ہوں گے۔علاوہ ازیں حکومت نے سرکاری ملازمین کے کنوینس الاونس میں 50 فیصد اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے، جس سے ملازمین کو سفری اخراجات کے حوالے سے مزید مالی سہولت میسر آئے گی۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات ملازمین کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے اور ان کی مالی مشکلات میں کمی لانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
حکومت کا سرکاری ملازمین کو ریلیف، دو ایڈہاک الاونس بنیادی تنخواہ میں ضم



















