پشاور ( بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس حکومت کی بنیادی پالیسی ہے۔ عوام دوست بجٹ پر حکومتی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور فلاح ہے، بجٹ میں عوامی ضروریات کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ تین ماہ عوام کو عملی ریلیف فراہم کرنے کے مہینے ہیں اور عوام کا اطمینان ہی حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صرف پریزنٹیشنز اور رپورٹس سے کام نہیں چلے گا بلکہ تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں متعلقہ پارلیمنٹیرینز کی شرکت یقینی بنائی جائے۔سہیل آفریدی نے بتایا کہ 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا انہوں نے خود جائزہ لیا۔امیدواروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی شکایات وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل میں جمع کرائیں تاکہ ہر درخواست کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کی ہر شکایت سنے، جائز شکایات کا ازالہ کرے اور ہر امیدوار کو مطمئن کرے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ سے متعلق تمام شکایات کا جائزہ لینے کے بعد بھرتیوں کو مقررہ معیار کے مطابق درست پایا گیا، تاہم بعض امیدواروں کو بھرتی کے طریقہ کار اور مقررہ معیار سے مکمل آگاہی نہیں تھی۔انہوں نے واضح کیا کہ جس امیدوار کی شکایت تاحال زیر غور نہ آئی ہو، وہ ثبوت کے ساتھ وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے رجوع کرے، ہر شکایت کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر کسی امیدوار کے ساتھ ناانصافی ثابت ہوئی تو اسے انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2400 ڈاکٹرز کی بھرتیاں مکمل ہونے کے بعد بھی جائز شکایت ثابت ہونے والے امیدوار کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈاکٹرز کی کمی ہے، اس لیے کسی بھی اہل امیدوار کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، بھرتی شدہ ڈاکٹرز کو جلد تعینات کیا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس حکومت کی بنیادی پالیسی ہے، سہیل آفریدی


















