لاہور: (کرائم رپورٹر)سانحہ کاہنہ میں جاں بحق 14ننھے پھول آہوں،سسکیوں میں سپرد خاک،مقدمہ درج،خاتون ٹیچر انیلہ گرفتار،پنجاب حکومت نے متاثرہ لواحقین کیلئے 20،20لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔
بچوں کی نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ہر آنکھ اشکبار،رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، ورثا دھاڑیں مار مارکر روتے رہے،بچوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا،نماز جنازہ کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ،بھاری نفری تعینات ،ضلعی انتظامیہ بھی مسلسل متحرک رہی،متاثرہ علاقے میں روشنی، صاف و ٹھنڈے پینے کے پانی، صفائی ستھرائی و دیگر بنیادی سہولیات کا خصوصی انتظام کیا گیا،لاشوں کی منتقلی کےلئے شہر خموشاں کی گاڑیاں ،ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی کے فرائض انجام دیتی رہیں،المناک سانحہ کے باعث علاقے میں دکانیں ،مارکیٹیں بند ،فضا سوگواررہے۔
ادھر پولیس نے انفورسمنٹ انسپکٹر نشتر زون کاشف اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ، گھر کے 3بھائیوں عثمان، فیضان اور ریحان سمیت عمیر نامی مستری کو نامزد کردیا گیا،ایف آئی آر کے مطابق چھت پر غفلت ،لاپرواہی کے باعث کام کرنے سے قیمتی جانیں کا ضیاع ہوا، ٹیوشن سینٹر کی چھت پر مرمتی کام جاری تھا، زیادہ وزن پڑنے سے گر گئی،پولیس نے خاتون ٹیچر انیلہ کو حراست میں لے لیا،مختلف پہلووں پر تفتیش کرکے حادثے کی وجوہات ،ذمہ داروں کا تعین کیا جا ئے گا۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب نے سانحہ کاہنہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20،20لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا،مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20،20،زخمیوں کو 5،5لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں زخمی ہونےوالی ٹیوشن سنٹر کی مالک و خاتون ٹیچر انیلا نے کہامالی مشکلات کے باعث 2سال سے چھوٹے بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی ہوں،شوہر منڈی کے قریب ریڑھی لگاتے ،گھر کے اخراجات پورے کرنے کےلئے ٹیوشن سنٹر چلاتی تھی،مجموعی طور پر 30 سے 35 بچے زیر تعلیم ،واقعہ کے روز 20 سے 22 بچے کلاس میں موجود تھے۔
زخمی خاتون ٹیچر نے کہاحالیہ بارشوں کے باعث چھت سے پانی ٹپکنے پرمرمت کا کام شروع کرایا،ہرگز اندازہ نہیں تھا چھت اچانک گر جائے گی،سانحہ میں میری بیٹی بھی زخمی ہے،حالت بہتر ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ،خود زیر علاج ہونے کے باعث ابھی تک بیٹی سے ملاقات نہیں کر سکی۔
مکان مالک نے کہابیوی گھر چلانے کےلئے ٹیوشن پڑھاتی ، غربت کی وجہ سے نئی چھت نہیں ڈلوا سکا،اپنے بھائیوں ،مستری کےساتھ ملکر چھت پر ٹائلیں لگا کر ٹھیک کر رہا تھا تعمیراتی کام کے دوران چھت اچانک نیچے آگری۔
سانحہ کاہنہ،14ننھے پھول سپرد خاک،لواحقین کیلئے 20،20لاکھ امداد


















