حملوں میں شدت،امریکہ،ایران کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ وار

تہران،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)حملوں میں شدت،امریکہ،ایران کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ وار،اردن کے فضائی نظام نے 8ڈرون مار گرائے۔

امریکی فوج نے کہاصدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کے مختلف فوجی اہداف پر ایک اور مرحلے کے حملے کامیابی سے مکمل کر لیے گئے،متعدد اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا،سینٹ کمانڈ کے مطابق ایران کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، فضائی دفاعی نظام، میزائل ، ڈرون صلاحیتوں کے مراکز، ساحلی نگرانی کی تنصیبات و دیگر فوجی اہداف پر حملے کیے،جنوبی شہر بندر عباس میں بھی متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔

دریں اثنا ایران نے جوابی کارروائی میں کویت ، اردن،عراق میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل ،ڈرون داغے،اسلامی انقلابی گارڈ کور نے کہا عسکری کارروائی نصر 2 کے آٹھویں مرحلے کے دوران کویت میں علی السالم ایئر بیس پر مشترکہ میزائل و ڈرون حملہ کیا،امریکی فوج کے زیر استعمال سی ریم ریڈار سسٹم اور امریکی فوجیوں کے اجتماع کے مقام کو نشانہ بنایا گیا،کویتی عوام اپنے ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کریں۔

ایرانی فوج نے کہااردن میں امریکی فوجی تنصیبات پر خودکش ڈرونز کے ذریعے حملے کیے،کارروائیوں میں امریکی فوج کے مواصلاتی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ،حملے امریکی جارحیت کے جواب میں کیے گئے۔

پاسداران انقلاب نے کہا عراق کے ام قصر پورٹ بیس پر امریکی فوجیوں کے مقام کو بھی نشانہ بنایا ،مشترکہ میزائل ،ڈرون حملوں میں دونوں اہداف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

ادھر اردن کی فوج نے کہا ایران سے آنےوالے 8 ڈرونز کو فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیا۔

دوسری جانب خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر امریکی فضائیہ نے مشرق وسطیٰ میں فضائی نگرانی مزید تیز کر دی ،ایف35 سٹیلتھ لڑاکا طیارے مسلسل فضائی گشت کر رہے ہیں، دوران پرواز سی135 ٹینکر طیارے کے ذریعے فضائی ایندھن بھی فراہم کیا گیا۔