ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے یومِ عاشورہ کے موقع پر ڈویژن بھر میں مرکزی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی، طبی امداد، پینے کے پانی، بجلی، لائٹنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ایاز سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات، پولیس نفری کی تعیناتی اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اپنے دورے کا آغاز ساہیوال کی مرکزی امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ کے معائنے سے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے چیچہ وطنی، عارف والا، دیپال پور، رینالہ خورد، اوکاڑہ، شیرگڑھ، حجرہ شاہ مقیم اور گردونواح کے علاقوں میں قائم مرکزی جلوسوں اور عزاداری کے مقامات کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر ساہیوال ڈویژن نے عزاداروں اور انجمنوں کے ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں اور ان سے انتظامات، سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔ عزاداروں اور انجمنوں کے سربراہان نے ضلعی انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی ہدایات پر موثر عملدرآمد کو سراہا۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب اس معاملے کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے یومِ عاشورہ کے دوران بھرپور ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دئیے۔ تمام محکمے مکمل طور پر متحرک رہے، عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی اور امن و امان کی مثالی فضا برقرار رہی۔رات گئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال کے مرکزی جلوس کے اختتام پر ماہی شاہ قبرستان میں قائم خیامِ کربلا کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے مرکزی جلوس بارے تفصیلی بریفنگ دی ڈی پی او عثمان ٹیپو اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے جلوس کے پرامن اختتام، سیکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو عوامی سہولت کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر ساہیوال ڈویژن نے یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے باہمی تعاون، مربوط حکمت عملی اور انتھک محنت سے اپنے فرائض انجام دے کر حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عزاداروں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے دفتر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نوید عظمت بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے ون ونڈو آپریشن سیل، فیسلیٹیشن کا¶نٹر، بینک برانچ، میٹرک برانچ، انٹر برانچ اور دیگر مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے بورڈ آنے والے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ون ونڈو آپریشن سیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ یہاں آنے والے ہر طالب علم کا مسئلہ ایک ہی وزٹ میں حل کیا جائے تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بینک برانچ کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو فیسوں کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بینک کے سسٹم کو تیز رفتار انٹرنیٹ سے منسلک کیا جائے تاکہ تمام امور بروقت اور موثر انداز میں انجام دیے جا سکیں۔ کمشنر نے ون ونڈو آپریشن سیل، فیسلیٹیشن کا¶نٹر، میٹرک برانچ اور انٹر برانچ میں سکیورٹی اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نوید عظمت نے بورڈ کے انتظامی امور، امتحانی نظام، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق طلبہ و طالبات کو بروقت، شفاف اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران اور عملہ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریض فلاحی سوسائٹی کا¶نٹر، سوشل ویلفیئر ڈیسک، اسٹروک مینجمنٹ یونٹ، اینڈوسکوپی یونٹ، امراضِ سینہ (پلمنولوجی) یونٹ، ذیابیطس و اینڈوکرائنولوجی یونٹ، او پی ڈی، گائنی وارڈ، گیسٹرو وارڈ اور میڈیکل آئی سی یو کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، دستیاب وسائل، علاج معالجے کے نظام اور جاری ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے علاج، ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، خراب الیکٹرک لائٹس کی فوری مرمت، وارڈز کی مناسب دیکھ بھال، سٹور مینجمنٹ کو م¶ثر بنانے، عمارتوں کی بروقت مینٹیننس، بجلی کی وائرنگ، انٹرنیٹ سسٹم اور دیگر بنیادی سہولیات کی مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں معیاری، بروقت اور باوقار طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ مریضوں کی خدمت عبادت ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یوم عاشور پر عزاداروں کو تمام سہولیات فراہم کی گئیں: کمشنر ساہیوال


















