اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سمیڈا پر جائزہ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے بالخصوص کسانوں کی اجناس و پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے انہیں آگاہی اور قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سہولت دی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کمرشل بینکوں کی چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے، چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے۔
انکا کہنا تھا ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں، سمیڈا نوجوان بشمول خواتین آنٹرپرنیورز کو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔
اجلاس کو سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ایز کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کیلئے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی، اسکے ساتھ ساتھ 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالی ضابطوں اور کاروبار کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی، اجلاس کو سمیڈا کے تحت مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
وزیراعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی کیلئے سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کیساتھ ملکر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
چھوٹی، درمیانی صنعتوں کو قرضے کی سہولت فراہم کی جائے: وزیراعظم شہبازشریف


















