پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض ، لاڑکانہ کے نوابوں کو عوام پر پیسہ لگنا ہضم نہیں ہو رہا، عظمیٰ بخاری


لاہور:( نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بغض ، لاڑکانہ کے نوابوں کو عوام پر پیسہ لگنا ہضم نہیں ہو رہا۔

پی پی ترجمانوں کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا معلوم ہے پیپلز پارٹی کو پنجاب سے کیوں بغض و نفرت ہے، پنجاب میں پنجاب کے عوام کا پیسہ انہی پر لگ رہا یہی پیپلز پارٹی کو مسئلہ ہے،پنجاب کی ترقی ،خوشحالی سے جلنے والے جلتے رہیں گے،مریم نواز کی حکومت کو صرف 2سال ہوئے اور وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان ،راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچا دیا ، لاڑکانہ کے نوابوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی۔

وزیر اطلاعات نے کہاپنجاب میں اگر آپ چوتھے نمبر کی جماعت ہیں تو ہمارا کوئی قصور نہیں، پنجاب کے لوگ مسلم لیگ (ن)کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں، مرتضی وہاب لاہور میں سیکھنے آئے تو اپنے دروازے کھول دئیے،پنجاب والی ترقی سندھ میں بھی چاہتے ہیں،،بلاول بھٹو کو نفرت ،تقسیم کی سیاست زیب نہیں دیتی،عہدے کاخیال کریں، آپ کی کارکردگی اتنی قابل رشک ہوتی تو سندھ والے مریم نواز کے سندھ کی وزیراعلیٰ بننے کی دعائیں نہ مانگتے۔