واشنگٹن، بیجنگ (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ اہم عالمی اور دوطرفہ امور پر تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔ صدر ٹرمپ نے گفتگو کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت میں تجارت، فوجی معاملات، تائیوان، روس یوکرین تنازع اور ایران کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی۔
امریکی صدر کے مطابق چین کی جانب سے امریکہ سے تیل، گیس اور اضافی زرعی مصنوعات کی خریداری، طیاروں کے انجنوں کی ترسیل سمیت دیگر اقتصادی امور بھی زیر بحث آئے۔
چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے گفتگو کے دوران امریکہ، چین تعلقات میں تائیوان کے مسئلے کو انتہائی حساس اور اہم قرار دیا۔ چینی صدر نے تائیوان کے ساتھ اسلحہ کے معاہدوں کے معاملے پر امریکہ کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماوں نے ایران، یوکرین اور دیگر اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر پیوٹن نے دورہ چین کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔
ٹرمپ اور شی جن پنگ میں ٹیلیفونک رابطہ، عالمی سیاست پر تبادلہ خیالات



















