لیبر قوانین پر عملدرآمد کیلئے اہم پیشرفت، ہزاروں خلاف ورزیوں کی نشاندہی

لاہور (قاضی ندیم اقبال) محکمہ محنت و افرادی قوت پنجاب کی جانب سے گزشتہ دو سال کے دوران صوبے بھر میں لیبر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے معائنوں، چالانوں اور جرمانوں کی وصولی کے عمل میں نمایاں پیشرفت سامنے آگئی۔صنعتی و تجارتی اداروں کی مسلسل نگرانی کے نتیجے میں ہزاروں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ لیبر کورٹس میں زیر التوا کیسوں کے سپیڈی ٹرائل اور ان کیسوں سے متعلق افراد کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے لیبر کوڈ 2026 متعارف کروا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ میں تعینات ٹیموں کو متحرک بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ فیلڈ افسروں کی جانب سے لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف صنعتی، تجارتی اور کاروباری اداروں کے خلاف ہزاروں چالان عدالتوں میں پیش کیے گئے۔ ان کارروائیوں میں کم از کم اجرت کی عدم ادائیگی، حفاظتی انتظامات کا فقدان، اوقاتِ کار کی خلاف ورزی، خواتین اور بچوں سے متعلق لیبر قوانین پر عمل نہ کرنا اور سوشل سکیورٹی و دیگر قانونی تقاضوں کی عدم تکمیل جیسے معاملات شامل رہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو برسوں کے دوران عدالتوں کے فیصلوں اور محکمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں کروڑوں روپے کے جرمانے وصول کیے گئے، جبکہ متعدد اداروں کو قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اصلاحی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ جرمانوں کا مقصد صرف وصولی نہیں بلکہ صنعتی اداروں میں محفوظ، منصفانہ اور قانونی ماحول کو فروغ دینا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں انسپکشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ، آن لائن ریکارڈنگ اور شفاف رپورٹنگ کے نظام کے ذریعے نہ صرف معائنوں کی رفتار میں اضافہ ہوا بلکہ کارروائیوں میں شفافیت بھی آئی ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی مالکان اور مزدور تنظیموں کے ساتھ آگاہی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ لیبر قوانین پر مو¿ثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔کیونکہ مو¿ثر نگرانی اور بروقت قانونی کارروائی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے۔ اگر صنعتی ادارے لیبر قوانین پر مکمل عمل کریں گے تو قانونی تنازعات اور جرمانوں کی شرح میں بھی نمایاں کمی آسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ محنت پنجاب کو صوبے بھر میں لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، محفوظ ورکنگ ماحول کی فراہمی اور صنعتی شعبے میں قانون کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ اداروں کو یدایات جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ قانونی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد کو اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ مزدوروں کے بنیادی حقوق کا بھی مو¿ثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب کے زیر انتظام لیبر کورٹس میں مزدوروں اور آجرین کے درمیان مختلف نوعیت کے تنازعات پر مشتمل ہزاروں مقدمات زیر التوا ہیں، جن کی بروقت سماعت اور فیصلوں کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے انتظامی اور قانونی اصلاحات پر کام تیز کر دیا ہے۔ محکمہ کے مطابق لیبر کورٹس میں ملازمت سے برطرفی، واجبات کی ادائیگی، سروس بینیفٹس، صنعتی تنازعات اور دیگر لیبر قوانین سے متعلق مقدمات کی سماعت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں لیبر کورٹس کی استعداد بڑھانے، مقدمات کے جلد فیصلے اور عدالتی نظام کو مزید مو¿ثر بنانے کیلئے اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں نافذ کیے گئے پنجاب لیبر کوڈ 2026 میں بھی زیر التوا مقدمات کے تسلسل اور ان کے قانونی طریقہ کار سے متعلق واضح شقیں شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت کوڈ کے نفاذ سے قبل زیر سماعت مقدمات کو متعلقہ عدالتیں قانون کے مطابق نمٹائیں گی۔اس ضمن میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کا دعوی ہےکہ لیبر کورٹس میں زیر التوا مقدمات کے بروقت فیصلوں سے نہ صرف مزدوروں کو فوری انصاف ملے گا بلکہ صنعتی شعبے میں اعتماد اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بھی فروغ ملے گا۔ دوسری جانب محکمہ محنت کا مو¿قف ہے کہ عدالتی اصلاحات، ڈیجیٹل نظام، اور نئے لیبر کوڈ کے نفاذ سے مقدمات کے فیصلوں کی رفتار میں بہتری دکھائی دے گی۔