فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب عبدالکریم نے راجن پور کچہ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے جوانوں کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداءاور انکی فیملیز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں محکمہ پولیس کیلئے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔ دریں اثناءسنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے سائلین کے مسائل تفصیل سے سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دئیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے مرحوم انسپکٹر غلام ابن علی کی بیوہ کی جانب سے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح مرحوم کانسٹیبل مجاہد عباس کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ہیڈ کانسٹیبل عرفان کی ٹرانسفر درخواست پر بھی آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری ہدایات جاری کیں جبکہ 8 سینئر ٹریفک وارڈنز کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔مزید برآں شہید کانسٹیبل تنویر عباس کے بھائی کی شہید کلیم بھرتی کی درخواست کو بھی زیر غور لانے کے احکامات جاری کئے گئے۔ سابق سب انسپکٹر وقار احمد کی والدہ کی جانب سے نوکری بحالی کی درخواست پر آر پی او گوجرانوالہ کو فوری ریلیف فراہمی کی ہدایت دی گئی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے مسائل کا فوری حل ترجیحات میں شامل ہے اور ویلفیئر کے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔