عوام کا شکریہ،بجٹ ریلیف سے بھرپور،خوشحالی کاسفر شروع ہوگیا،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے بجٹ ریلیف سے بھرپور، مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پرہر شہری کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں ، عوام سے وعدہ کیا تھا معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد ثمرات براہ راست عام آدمی تک پہنچائیں گے،خوشحالی کا وقت شروع ،سفر بھرپور طریقے سے جاری رہے گا ،عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب اور اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاتمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے باوجود معیشت مستحکم ، موجودہ حکومت کے تیسرے بجٹ سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چلنا شروع ہو جائےگا، مہنگائی برداشت،صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پرعوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وفاق ،صوبوں کے مابین ہم آہنگی سے تمام چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، آئی ایم ایف نے معاشی کارکردگی ،کاوشوں کو سراہا ، خوشحالی قوم کا مقدر ہے۔

وزیراعظم نے کہاپہلے 2 بجٹوں میں ملک ،آئی ایم ایف کی ضروریات کو مدنظر رکھتے اور ملکی ترقی کے راستے کھولنے کےلئے کئی سالوں سے ہچکولے کھاتی معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے ٹیکسز لگانا پڑے ،عام آدمی نے مشکلات کا سامنا کیا، مشکلات کا بخوبی اندازہ ،2سال کے دوران حکومتی کاوشوں سے مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی، پالیسی ریٹ بھی22.5فیصد سے کم ہو کر11فیصد پر آیا، خلیج کی صورتحال کے باعث کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم چیلنجز کے باوجود معیشت مستحکم ہے،معاشی اشارئیے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

شہبازشریف نے سولر، ونڈ اور بیٹری سٹوریج جیسے توانائی ذرائع پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا اپنے وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا ،پانی کے ذخائر و ڈیمز تعمیر کرنا ہوں گے،بجٹ بنانے میں بہت چیلنجز درپیش تھے،وفاق ،صوبوں کے درمیان معاشی اہداف کے معاملے پر مثبت گفتگو ہوئی، قومی ہم آہنگی ،موثر تعاون سے چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے،میرے قائد نواز شریف کی وفاق ،پنجاب میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں،مثبت کردار،تعاون پر صدر آصف زرداری،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو ، بلوچستان ،خیبرپختونخوا ،سندھ کے وزرائے اعلیٰ کابھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا وفاق کو اضافی فنڈز کی ضرورت ،صوبوں کےساتھ بامعنی بات چیت میں صورتحال سامنے رکھی، صوبوں نے بھرپور تعاون کیا، قومی وحدت، یکجہتی ،اتحاد کا اوربہتر مظاہرہ نہیں ہو سکتا،معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کےساتھ شبانہ روز محنت کرکے معاشی استحکام کےلئے کام کیا،حکومتی اقدامات کی بدولت خوشحالی قوم کا مقدر ہوگی،قوم کی دعاوں سے معاشی استحکام حاصل کرکے بجٹ میں ریلیف فراہم کیا، بجٹ ریلیف ،عوامی فلاح ،تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم ،برآمدات میں اضافے، صنعتوں کے فروغ، زرعی ترقی و سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کا بجٹ ہے۔

شہبازشریف نے کہا بجٹ کا بنیادی مقصد ہے معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں اور ہر طبقہ ترقی میں شامل ہو،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ اورنگزیب ،معاشی ٹیم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور تمام متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے نے ریلیف کو ممکن بنایا،۔

زیراعظم نے کہاوزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت عوام کو اپنی چھت کی سہولت فراہم کرنے سے لےکر ٹیکس ریلیف تک، نوجوانوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ،متوسط طبقے پر بوجھ کم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کےلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے گئے،ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونےوالے جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، شہید ہونےوالوں میں پاک فوج کے افسر، جوان اور 2مسیحی بھائی بھی شامل تھے،دلخراش واقعہ نے ہر آنکھ اشکبار کر دی، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔