امریکہ اعتماد حاصل نہ کرسکا، پاکستانی عوام کو سلام، باقر قالیبوف

تہران (مشرق نیوز) ایرانی وفد کے سربراہ سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کی منطق اور اصولوں کو سمجھ لیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلہ کریں ہمارا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں یا نہیں؟ ایکس پر انہوں نے لکھا ہے کہ ایرانی وفد میں میرے ساتھیوں نے مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے تجاویز پیش کیں، مخالف فریق اس مرحلے میں ایرانی وفد کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے قبل اس بات پر زور دیا کہ ہمارے پاس ضروری حسنِ نیت اور ارادہ موجود ہے، لیکن گزشتہ دو جنگوں کے تجربات کی وجہ سے ہمیں مخالف فریق پر اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر محاذ کو، فوجی جدوجہد کے ساتھ ساتھ، اقتدار کی سفارت کاری کا ایک اور ذریعہ سمجھتے ہیں تاکہ ایرانی قوم کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے، اور ہم ایران کے قومی دفاع کے چالیس دنوں کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں ایک لمحے کیلئے بھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ میں اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کا بھی شکر گزار ہوں جس نے ان مذاکرات کے عمل کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا، اور میں پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایران 9 کروڑ افراد پر مشتمل ایک قوم ہے، میں ایران کے تمام بہادر عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے رہبرِ اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر اپنے بچوں کی حمایت کی اور ہمیں اپنی دعاوں کے ساتھ روانہ کیا، اس پر میں ان کا ممنون ہوں، اور ان 21 گھنٹوں پر مشتمل سخت مذاکرات میں شریک اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں: شاباش، اللہ آپ کو قوت دے۔