اپریل 2026 کی ترسیلات اپریل 2025 کے مقابلے 11 فیصد زائد

کراچی (مشرق نیوز) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپریل میں 3.53 ارب ڈالر بھیجے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اپریل 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.53 ارب ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجیں جوکہ اپریل 2025 کی ترسیلات کے مقابلے 11 فیصد زائد ہیں۔

سٹیٹ بینک حکام کا بتانا ہےکہ اپریل 2026 میں مشرق وسطیٰ سے 1.9 ارب ڈالر بھیجے گئے ہیں جن میں سے سعودی عرب سے 84.2 کروڑ ڈالر، یو اے ای سے 73.5 کروڑ ڈالر اور دیگر جی سی سی ممالک سے 32.5 کروڑ ڈالربھیجے گئے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق اپریل کی ترسیلات رواں سال مارچ سے 8 فیصد کم ہیں، مارچ 2026 میں 3.83 ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے ابتدائی10 ماہ میں 33.86 ارب ڈالر کی ورکرز ترسیلات آئیں جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مجموعی طور پر 33 ارب 90 کروڑ ڈالرز پاکستان بھجوائے گئے۔

سٹیٹ بینک حکام کا بتانا ہے کہ گزشتہ مالی سال 25 کے ابتدائی 10 مہینوں سے رواں سال کی ترسیلات 8 فیصد زائد ہیں۔