ملکی ترقی کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا: وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے خطے میں جاری کشیدگی کو پاکستان کیلئے اہم سبق قراردیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کیپٹل مارکیٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے متحرک ہے، علاقائی کشیدگی ہمارے لئے اہم سبق ہے، علاقائی کشیدگی کے پیش نظر محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا معاشی ترقی کیلئے کیپٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے مشکل حالات کے باوجود ہماری معیشت درست سمت میں گامزن ہے، چیلنجز کے باوجود پاکستان سٹاک مارکیٹ مستحکم رہی، معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

انکا کہنا تھا حکومت کی توجہ کرنٹ اکاونٹ اور مالی خسارے پر مرکوز ہے، خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے، ملکی ترقی کیلئے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا، سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ہو گی، قومی معیشت کے استحکام کیلئے داخلی وسائل پر انحصار ضروری ہے۔