ساہیوال (چوہدری اشرف سے) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزادنے کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی عظیم فتح اللہ تعالیٰ کی خاص دین ہے اور قوم کی دعاﺅں نے اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے کئی گنا بڑی فوج کو شکست دےکر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر اس پر جنگ مسلط کی جائے تو اپنا دفاع کرنا بھی بخوبی جانتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتح معرکہ حق کے سلسلے میں ساہیوال میں ایک عظیم الشان علماءکانفرنس کا انعقاد کے موقع پر کیا۔ کانفرنس میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل،آرپی او ساہیوال ایاز سلیم،تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او صاحبان و دیگر انتظامی آفیسران موجود تھے،تمام مکاتب فکر کے جید علماءکرام و مشائخ عظام،ڈسٹرکٹ و زونل ممبران امن کمیٹی ساہیوال اور زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف پاکپتن بابر سلطان گوندل و دیگر معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا،جن میں پیر قاضی عبدالغفار قادری،علامہ سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، علامہ ارشد عابدی، مولانا خلیل الرحمن، پیر احسان الحق ادریس، سید اصغر علی شاہ، عامر حیات بھنڈارا، ابراہم عظیم ڈینیل ودیگر علماءکرام بڑی تعداد میں شریک تھے-انہوں نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہل گام میں جھوٹا ڈرامہ رچا کر پاکستان پر دباو ڈالنے کی کوشش کی گئی جسے دنیا نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔خطیب بادشاہی مسجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور استحکام پاکستان ہم سب کا مشترکہ مقصد ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات سے پاک پنجاب ایک اہم مشن ہے جسے سب کو مل کر کامیاب بنانا ہوگا۔کانفرنس کے دوران علماءکرام نے قوم میں اتحاد، یکجہتی اور استحکام کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ علماءکا کردار قوم کو مضبوط بنانے میں انتہائی اہم ہے۔ مقررین نے شہداءکی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کیا۔تقریب میں شرکاءنے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مسلح افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ کانفرنس سے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل،ریجنل پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم اور ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ احمد خاور شہزاد نے بھی خطاب کیا۔
بہادر افواج نے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دیکر اپنا لوہا منوایا :مولانا عبدالخبیر آزاد


















