لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی ۔
گوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بس کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائےگا،ٹریفک کی آسانی کےلئے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا،17 سے 19 کلومیٹر گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ ٹرین انڈرگراونڈ گزارنے کی اصولی منظوری دی گئی،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم بھی لگایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس میں تفصیلی بریفنگ کے دوران بتایا گیاگوجرانوالہ میں 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم ہوگا،گکھڑ تا ایمن آباد31.5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل کےلئے 12 ماہ کی مدت مقررکردی گئی،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 24 سٹیشن بنیں گے، 2سٹیشن انڈر گراونڈ ہوں گے،گرجاکھ، چن دا قلعہ، گوندلا والا میں ماس ٹرانزٹ سسٹم ڈپو قائم ہوں گے،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے دونوں اطراف میں 62 کلومیٹر طویل ڈرین کیساتھ باقاعدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی بنے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم بننے سے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائے گا،گوجرانولہ کے شہریوں کے لئے ایک شاندار ٹرانسپورٹ سسٹم کا تحفہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دیدی



















