رمضان بازاروں کا قیام حکومت کا مثبت اقدام، اخراجات میں کمی آئی :شہری

لاہور (سروے رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی شادمان رمضان بازار میں خریداروں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں شہری افطار و سحر کیلئے اشیائے ضروریہ کی خریداری کر رہے ہیں۔ بازار میں آنے والے بیشتر شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مرتبہ قیمتوں اور اشیاءکی دستیابی کے حوالے سے صورتحال بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خریداروں کا کہنا ہے کہ عام مارکیٹ کے مقابلے میں سبزیوں، پھلوں، دالوں اور چینی سمیت متعدد اشیاءمناسب نرخوں پر دستیاب ہیں جس سے ماہِ صیام کے اخراجات میں کسی حد تک کمی آئی ہے۔روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے بابا طارق ،تنوےر حسےن، عباس رضا ،ندےم نذیر، آصف محمود، سلےم جاوےد، رانا ناصر، شےر خان، حمےد،سعےد احمد ، زاہد، سعد اور دےگر شہریوں نے بتایا کہ سرکاری نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں ہیں اور عملہ باقاعدگی سے نگرانی کر رہا ہے، جس سے اوور چارجنگ کی شکایات کم ہوئی ہیں۔خواتین خریداروں نے صفائی ستھرائی اور اشیاءی ترتیب کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار میں اشیاءالگ الگ حصوں میں منظم انداز میں رکھی گئی ہیں جس سے خریداری میں آسانی ہوتی ہے۔ بعض شہریوں نے بتایا کہ آٹے اور چینی کے حصول کیلئے قطاروں کا نظام نسبتاً بہتر ہے اور عملہ رہنمائی فراہم کرتا نظر آتا ہے۔بزرگ شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان بازار کا قیام حکومت کا ایک مثبت اقدام ہے جس سے عام آدمی کو براہِ راست ریلیف ملتا ہے۔ ان کے مطابق اگر اسی طرح نگرانی کا نظام برقرار رکھا جائے تو ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ممکن ہے۔ نوجوان خریداروں نے بھی اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ بیشتر اشیاءایک ہی جگہ دستیاب ہونے سے وقت اور سفری اخراجات کی بچت ہو رہی ہے۔بازار میں موجود دکانداروں نے بھی انتظامیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ نرخوں کے تعین اور سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے جس سے اشیاءکی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ ان کے مطابق شہریوں کا اعتماد بحال ہونا خوش آئند امر ہے اور وہ سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ شادمان رمضان بازار اس وقت عوام کو مناسب ریلیف فراہم کر رہا ہے۔ اگر یہی نظم و ضبط اور نگرانی برقرار رہی تو رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے دباو¿ میں کمی لانے میں یہ بازار اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔