پاکستان نے امن کی شمع تھام لی،اسلام آباد میں4فریقی بیٹھک ،تنازع مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے امن کی شمع تھام لی،اسلام آباد میں4فریقی بیٹھک ،مشرق وسطیٰ تنازع مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

خطے میں امن کےلئے پاکستان نے اسلام آباد میں اہم 4فریقی بیٹھک سجائی،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزرائے خارجہ کا استقبال کیا، اجلاس میں شرکت کےلئے سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے۔

پاکستان،سعودی عرب،ترکیہ،مصر کے وزرائے خارجہ اسحاق ڈار، فیصل بن فرحان، حاقان فیدان ،ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے خطے کی کشیدہ صورتحال،امن واستحکام،جنگ بندی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال اور مختلف تجاویز پر غور کیا ،اہم مشاورتی بیٹھک میںتنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا،اگلا راونڈ جلد ہوگا ،فریقین تجاویز پر پیشرفت سے ایک دوسرے کو آگاہ کرینگے۔

اجلاس سے قبل اسحاق ڈار نے ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں،وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کےلئے مذاکرات و مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے ،ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ،قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ سٹریٹجک شراکت داری کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کو اسلام آباد میں مشاورتی عمل کےلئے خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہوئی،وزرائے خارجہ کی پاکستان آمد مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے،ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی صورت حال پر تعمیری گفتگو ہوئی،بات چیت کا محور امن و استحکام کافروغ، باہمی شراکت داری کی مضبوطی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا تھا،پاکستان دوست ممالک کےساتھ ملکر خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کےلئے کوششیں جاری رکھے گا۔