پاکستان ہمیشہ ساتھ کھڑا رہے گا،شہباز شریف کی سعودی ولی عہد کو یقین دہانی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف کا سعودی ولی عہد کو فون،ایرانی حملوں کی مذمت ، غیرمتزلزل یکجہتی و مکمل حمایت کا اعادہ ،ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماﺅں نے خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیا ل کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے حملوں کے تناظر میں غیر متزلزل یکجہتی وسعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ولی عہد کو یقین دلایا پاکستانی حکومت ، عوام ہمیشہ سعودی بھائیوں ، بہنوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ایسے ساتھ کھڑے رہیں گے جیسے سعودی قیادت ،عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

شہبازشریف نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل ،دانشمندی کے مظاہرے کو سراہتے ہوئے کہاپاکستان دیگر ممالک کیساتھ ملکر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کےلئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

وزیراعظم نے کشیدگی کم کرنے کےلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ،خادم الحرمین الشریفین کیلئے نیک تمناوں و پرتپاک سلام کا اظہار بھی کیا ،سعودی ولی عہد نے خطے میں امن واستحکام کی بحالی کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔