اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں اہم اجلاس آج متوقع ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور اہم وفاقی وزرا شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائیگا۔
اجلاس میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا، ساتھ ہی خلیجی ممالک پر حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکا کو چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں موجود پٹرولیم ذخائر اور ترسیل کے نظام کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ کفایت شعاری پالیسی اور اس پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائیگا۔ شرکا کو ممکنہ سمارٹ لاک ڈاون اور دیگر ہنگامی اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ اسمارٹ لاک ڈاو¿ن سے متعلق صوبوں کی تجاویز پر بھی غور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مشرق وسطیٰ بحران، صدر مملکت کی زیرصدارت اہم اجلاس آج ہوگا



















