اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی قیادت کے مشاورتی اجلاس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاون کی مخالفت کردی اور کفایت شعاری اقدامات سخت کرنے کا عزم کیا،صدر مملکت کی زیر صدارت قومی قیادت کے اہم مشاوراتی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرائ،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے علاوہ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی،حکومتی ذرائع کے مطابق ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاون کے نفاذ کی تجویز پر غور کیاگیا، صوبائی حکومتوں نے ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاون کی مخالفت کرتے ہوئے وفاق سے لاک ڈاون نہ لگانے کی سفارش کر دی، اجلاس میں توانائی اور ایندھن کی بچت کےلئے اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے ، صوبوں پر بھی 254 ارب کے ریلیف پیکیج میں حصہ ڈالنے ، عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے مربوط قومی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا، اجلاس میں توانائی بحران، عالمی صورتحال اور علاقائی سکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا،شرکا نے ملک کو درپیش معاشی، توانائی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا،صدر آصف زرداری نے کہا معیشت، توانائی، خوراک اور سکیورٹی معاملات میں مربوط فیصلے کیے جائیں، مشکل وقت میں کمزور طبقات کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ایندھن کے استعمال میں کمی ، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حکومت کمزور اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ، مشکل کی گھڑی میں معاشی طور پر کمزور افراد کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،حکومت نے سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی ، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے جیسے اقدامات کئے ہیں، موجودہ حالات میں قربانی کا آغاز حکومتی اخراجات میں کمی سے کیا، تیل کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا گیا ، بچت سے حاصل ہونے والی رقم عوامی ریلیف کیلئے استعمال کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے،وزیراعظم نے کہا عالمی سطح پر بحران کے باوجود بروقت فیصلوں کی بدولت ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنے دیا گیا، پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے سفارتی سطح پر بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،حکومتی اراکین نے کہا عالمی بحران کے باوجود ملک میں ایندھن کی سپلائی میں کوئی خلل نہیں، ملک میں تیل و گیس کے وافر ذخائر موجود ، مستقبل کیلئے بھی انتظامات جاری ہے،اعلامیہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس کو حکومت کی فعال سفارتی کوششوں، ترکیہ، سعودیہ، مصر کی قیادت سمیت تنازع میں شامل ممالک کے رہنماو¿ں سے روابط ،آئندہ دورہ بیجنگ سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔
بڑی سیاسی بیٹھک، صوبے سمارٹ لاک ڈاون کے مخالف



















