اسلام آباد ،بیجنگ(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)فوری جنگ بندی،مذاکرات کا آغاز، بحری آمدورفت بحال کی جائے،پاکستان ،چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے مشترکہ 5نکاتی ایجنڈا پیش کردیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی،دونوں رہنماﺅں نے خطے کی مجموعی صورتحال سمیت اہم کاجائزہ لیا اورخلیج و مشرق وسطیٰ میں امن کےلئے 5نکاتی مشترکہ منصوبہ دےدیا۔
اعلامیے کے مطابق چین ،پاکستان نے کہا فوری جنگ بندی، تنازع کاپھیلاو روکنے اور جنگ زدہ علاقوں تک انسانی امداد کی رسائی ،جلد از جلد امن مذاکرات شروع ، ایران و خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کاتحفظ کیاجائے، تنازعات کے حل کےلئے بات چیت ،سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں، امن مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کیا جائے۔
دونوں ممالک نے کہا شہریوں و غیر عسکری اہداف پر حملے فوری بند ،توانائی،پرامن جوہری انفرا سٹرکچر کاتحفظ یقینی بنایاجائے،آبنائے ہرمز و ملحقہ سمندری راستے عالمی تجارت ،توانائی رسد کےلئے نہایت اہم ہیں،تجارتی جہازوں کی جلد اورمحفوظ گزرگاہ ممکن بنا کر بحری آمدورفت بحال کی جائے،چین و پاکستان نے کثیرالجہتی نظام کو فروغ ، اقوام متحدہ کردار کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر جامع امن فریم ورک تشکیل دینے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا دونوں ممالک کی جانب سے پیش کیے گئے نکات خطے میں دیرپا امن کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔
قبل ازیں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی و چینی سفیر یوئے شیاو یونگ نے بیجنگ پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا پاکستان، بیجنگ ہر حال میں سٹرٹیجک شراکت دار ،بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ،ایران کے معاملے پر سٹرٹیجک تعاون کو مزید فروغ دیتے ہوئے خطے میں امن کےلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے،چین خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
چینی وزارت خارجہ نے تصدیق کی حالیہ کشیدہ صورتحال کے باوجود 3چینی جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزرے، تعاون پر متعلقہ فریقوں کاشکریہ ادا کیا،جنگ کے دوران تاریخی مقامات کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے،فریقین، خصوصاً امریکہ اور اسرائیل فوری طور پر فوجی کارروائیاں بند، کشیدگی میں اضافے سے گریز کریں۔
فوری جنگ بندی،مذاکرات کا آغاز کیاجائے،پاکستان،چین کاامن کیلئے مشترکہ5نکاتی منصوبہ



















