”شکریہ پاکستان“،جنگ رکوانے پر دنیامعترف،اسلام آباد میں مذاکراتی بیٹھک کی تیاری


اسلام آباد،تہران،واشنگٹن،ریاض،ابوظہبی،لندن،بیجنگ،انقرہ،میڈرڈ،سڈنی:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)وزیراعظم،فیلڈ مارشل کی کامیاب سفارتکاری کاچرچا،”شکریہ پاکستان“،جنگ رکوانے پر دنیا معترف،امریکہ،ایران کی مذاکراتی بیٹھک جمعہ کو اسلام آباد میں سجے گی۔

خطے میں بڑے تصادم کو روکنے پر پاکستان دنیا بھر کے میڈیا کی سرخیوں میں آ گیا، دنیا کےلئے حساس ، فیصلہ کن لمحات میں پاکستان کی مدبرانہ تجویز کو معتبر و موقر ذرائع ابلاغ نے سراہا ۔

اخبارات نے لکھا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکرات کی قیادت تب سنبھالی جب دنیا دم سادھے کھڑی تھی،پاکستان کے اہم و جرات مندانہ اقدام کو فریقین و عالمی برادری نے سنجیدگی سے لیا۔

بین الاقوامی دانشوروں ،تجزیہ کاروں کی جانب سے پاکستان ،وزیراعظم کے موقف کی پذیرائی ہورہی ہے، وزیرخارجہ اسحاق ڈار رات گئے تک سفارتکاری میں مصروف رہے،خلیجی میڈیا کے مطابق پاکستان نے حالیہ جنگ کے خاتمے کیلئے بہترین کردار ادا کیا اور ٹرمپ نے حملے روک دئیے، پاکستان نے ایران ،امریکہ کےساتھ دیرینہ تعلقات کے باعث خود کو امن کے با اعتماد ضامن کے طور پر منوایا ۔

برطانوی خبرایجنسی نے کہا پاکستان امریکہ ،ایران کے درمیان طاقتور ثالث کے طورپر ابھر کر سامنے آیا ،پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کئی ہفتوں کی کاوشوں کے بعد کامیاب ہوگیا ۔

امریکی ٹی وی کے مطابق ٹرمپ نے کہا وزیراعظم شہبازشریف ،فیلڈ مارشل سے بات چیت کے بعد لڑائی روک رہے ہیں،ادھر دنیا بھر کے ممالک نے پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے قیام پر زوردیتے ہوئے پاکستان سمیت دیگر ممالک کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تمام فریقین معاہدے کی مکمل پابندی کریں تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

ترجمان سعودی وزارت خارجہ نے کہا خطے میں پائیدار امن و مستقل جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، امریکی صدر اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کااعلان خوش آئند ہے۔

اماراتی صدارتی مشیر انور قرقاش نے کہا متحدہ عرب امارات ایسی جنگ میں سرخرو ہوا جس سے بچنا چاہتے تھے، اپنی خودمختاری، وقار اور کامیابیوں کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے،پیچیدہ علاقائی منظرنامے میں مضبوط گرفت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، قوت، استقامت اور ثابت قدمی نے اماراتی ماڈل کو مزید مستحکم کیا۔

ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان نے کہا برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں،امید ہے معاہدہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا تخریبی کارروائی سے محفوظ رہتے ہوئے مکمل طور پر نافذ العمل ہوگا، جنگ بندی کا اعلان مثبت و حوصلہ افزا پیش رفت ،نازک موقع پر معمولی سی لغزش بھی دوبارہ کشیدگی کو جنم دے سکتی ہے، وقت آ گیا عوام کو امن، سکون اور استحکام نصیب ہو۔

برطانیہ، چین ،آسٹریلیا، مصر، انڈونیشیا، ملائیشیا،جاپان،جرمنی،نیوزی لینڈ ودیگر ممالک نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا مذاکرات کی کوششوں پر پاکستان و دیگر کے شکر گزار ہیں،خطے میں سکیورٹی ،امن کیلئے جنگ بندی اہم موقع ،فائدہ اٹھانا ضروری ہے،اقدام خطے میں دیرپا استحکام کا باعث بنے گا۔

اٹلی کے سابق وزیر اعظم پاولو جینٹی لونی نے جنگ بندی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو نوبل انعام کا حقدار قرار دے دیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں مذاکرات کی بڑی بیٹھک کیلئے تیاریاں شروع کرکے فائیو سٹار ہوٹلز خالی کرالیے گئے،پہلے سے مقیم مہمانوں کو ہوٹل چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی،حکومت نے غیر ملکی مہمانوں کو ایئرپاورٹ سے لانے لیجانے کیلئے ٹریفک روٹس بھی متعین کردئیے،ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے سپیکر پارلیمنٹ قالیباف ،وزیر خارجہ عباس عراقچی شرکت کریں گے ،امریکہ کی جانب سے نائب صدر اور ٹرمپ کے مشیر سٹیو وٹکوف کی شرکت متوقع ہے۔