لاہور( اپنے نمائندے سے+ نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت ، پاکستان ریلوے کے درمیان تاریخ ساز ایم او یو پر دستخط ،لاہور سے راولپنڈی پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی جو سوا دو گھنٹے میں سفر طے کر ے گی ،پنجاب میں فاسٹ ٹرین اور 8لوکل روٹس پر جدید ترین ٹرینیںچلائی جائیں گی،پنجاب حکومت علاقائی روٹس پر جدید ترین ڈی ایم یو ٹرین مہیا کرے گی،تاریخ ساز ایم او یو پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے دستخط کئے ،ایم او یو کے مطابق پنجاب کے 20ریجن میں 8لوکل روٹس پر 1415کلو میٹر طویل روٹ پر نئی ٹرین چلے گی ،شاہدرہ سے نارووال 79کلومیٹر، نارووال سے سیالکوٹ 62کلومیٹر ،رائیونڈ،قصور، پاکپتن سے لودھراں تک 370کلومیٹر طویل روٹ پر نئی ٹرین چلے گی،شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ220کلومیٹر ،لالہ موسی، ملکوال، سرگودھا147کلومیٹر،فیصل آباد سے براستہ چک جھمرہ، شاہین آباد ٹرین 68کلومیٹر ،کوٹ ادو سے براستہ ڈیرہ غازی خان،کشمورتک 303کلومیٹر طویل بین الصوبائی روٹ پر بھی ٹرین منصوبے میں شامل ہیں،پنجاب حکومت نئے روٹس پر نئے ریلوے انجن اور نئی جدید ترین کوچزلائے گی،وفاقی وزیرریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ریلوے کے تاریخی پراجیکٹ کے اجرا ءپر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کی تاریخ بدلنا چاہتے ہیں،حکومت پنجاب کی معاونت سے 9روٹس پر تقریباً9کروڑ افراد مستفید ہوسکیں گے،خوشی ہے وزیراعلی پنجاب ریلوے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کو لیڈ اور سپروائز کریں گی، پنجاب میں ریلوے ٹریک کے اطراف میں 4لاکھ سے زائد پودے بھی لگائے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ کی جو سپیڈ ہے، پورے پنجاب کو آٹو پر لگا دیا ہے، پنجاب کے 70فیصد سے زائد عوام نے مریم نواز شریف کی لیڈر شپ پر اظہار اطمینان ہے، وزیراعلیٰ نے کام کیے وہ نظر آرہے ہیں، کام ہی کامیابی ہے،دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کے مزید 10 اضلاع میں نئی الیکٹروبسیں دینے کی منظوری دےدی، اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، منڈی بہا¶الدین اور اوکاڑہ میں الیکٹروبسیں دی جائیں گی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے میٹروبس سٹیشن کی تعمیر و مرمت جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی،اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کوبتایا گیا فری ٹرانسپورٹ کے تحت 21روٹس پرروزانہ سوالاکھ مسافر مستفید ہورہے ہیں جبکہ فری ٹرانسپورٹ پروگرام کے تحت بسوں کے 3560 ٹرپ مکمل ہوئے،رواں ماہ میں 100الیکٹرو بسیں، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخرتک 264الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی،اجلاس میں ہر ڈویژن میں الیکٹروبسوں کےلئے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کےلئے پلان طلب کرلیا، اس موقع پرپنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسی آئیں گی، اجلاس میں”ایمپاور۔ہر“ پراجیکٹ کے تحت لاہور میں نئے اور جدید ترین بس اسٹیشن کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرکاری ملازمین کےلئے ای بائیک پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دےدی۔
لاہور تاراولپنڈی پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائیگی، پنجاب حکومت کا ریلوے سے معاہدہ



















