ایران کے ساتھ ڈیل ہو گئی تو اسلام آباد جاؤں گا:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: ( ) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے ایران کے ساتھ بات چیت میں پاکستان نے بہت زبردست کردار ادا کیا ، ڈیل ہو گئی تو اسلام آباد جاؤں گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہو چکا اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے۔

امریکی صدر نے کہا ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، اگلی ملاقات رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے، ایران افزودہ یورینیم حوالے کرنے پر بھی آمادہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ موجود ہے تاہم امید رکھتے ہیں بات چیت کامیاب ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر بھی اتفاق ہو چکا ، حزب اللہ بھی شامل ہوگی، آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی مؤثر انداز میں جاری ہے ، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔