نیویارک (مشرق نیوز) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران پر حملے کیلئے تیاری مکمل کرلی ہے اور یہ اتنی جلد ممکن ہے جتنا اگلے ہفتے کا آغاز ہے۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اس وقت ایران پر دوبارہ فوجی کارروائی کی اب تک کی سب سے شدید تیاریوں میں مصروف ہیں اور یہ حملے آئندہ ہفتے ہی دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے دو اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیل اور امریکہ مختلف عسکری آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔
جن میں ایران کے فوجی اور بنیادی ڈھانچے پر وسیع بمباری، خلیج فارس میں واقع ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز خارگ آئی لینڈ پر قبضے اور ایرانی سرزمین پر کمانڈوز اتار کر ملبے تلے دبے جوہری مواد کو قبضے میں لینا شامل ہے البتہ امریکی حکام کے بقول ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کو حاصل کرنے کیلئے خصوصی کمانڈو آپریشن انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس مقصد کیلئے ہزاروں فوجیوں کی مدد، علاقے کا مکمل محاصرہ اور ایرانی زمینی افواج کے ساتھ براہ راست جھڑپوں کا امکان موجود ہوگا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال جون میں اسرائیل اور امریکہ کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد تقریباً 440 کلوگرام انتہائی افزودہ یورینیم ملبے تلے دب جانے کا خدشہ ہے جو تقریباً 10 جوہری ہتھیار بنانے کیلئے کافی سمجھی جاتی ہے۔
اسرائیل، امریکہ اگلے ہفتے سے ایران پر دوبارہ حملے شروع کرینگے: رپورٹ


















