ملک بھر کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان

اسلام آباد (مشرق نیوز) کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان ہے جس کیلئے سی پی پی اے نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کیلئے درخواست جمع کروائی ہے، مئی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی کل سماعت کریگی۔

درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ درخواست کے مطابق مئی کے دوران 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ مئی میں فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 8 روپے 43 پیسے لگایا گیا تھا۔

مئی میں پانی سے 33.27 فیصد، مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد، فرنس آئل سے 0.16 فیصد اور مقامی گیس سے 8.31 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست کے اعداد و شمار کا جائزہ لیکر فیصلہ جاری کریگی۔