عوامی نمائندگی صرف انتخابات تک محدود نہیں ہونی چاہئے: ساجدہ فاروق تارڑ

لاہور(انٹرویو: پرویز شفیع/ تصاویر: اسد) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ اور معروف سماجی و سیاسی شخصیت ساجدہ فاروق تارڑ کا کہنا ہے کہ سیاست کا اصل مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ ان کے مطابق عوامی نمائندگی صرف انتخابات تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ لوگوں کے ساتھ مسلسل رابطہ، ان کے مسائل کو سمجھنا اور انکے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہی حقیقی عوامی خدمت ہے۔ ساجدہ فاروق تارڑ کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت ان کے خاندان کی سیاسی روایت کا حصہ ہے اور یہی جذبہ انہیں مسلسل متحرک رکھتا ہے۔ ان کے بقول وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ قریبی رابطے کو ترجیح دیتے ہیں اور علاقے کی ترقی اور شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے صاحبزادے کو یہی مشورہ دیتی رہی ہیں کہ سیاست میں کامیابی کا اصل معیار عوام کا اعتماد اور ان کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ ہی کامیاب عوامی نمائندگی کی بنیاد ہوتا ہے۔ لوگوں کے مسائل کو براہ راست سننے سے نہ صرف ان کے حل میں آسانی پیدا ہوتی ہے بلکہ عوام اور قیادت کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام کا رشتہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت این اے 127 میں ہر جمعرات کو کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں وہ خود شہریوں سے ملاقات کرتی ہیں، ان کے مسائل سنتی ہیں اور ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں اور سرکاری محکموں سے رابطے کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر وہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے تناظر میں این اے 127 میں رہائشی کشمیریوں کو متحد کرنے اور انتخابی مہم کے دوران کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوام تک پارٹی کا پیغام پہنچانے کیلئے سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ساجدہ فاروق تارڑ کے مطابق کھلی کچہری میں سب سے زیادہ مسائل بنیادی شہری سہولیات سے متعلق سامنے آتے ہیں جن میں سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل، گلیوں اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ، صفائی ستھرائی کی صورتحال، سٹریٹ لائٹس کی خرابی، سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی اور دیگر شہری اداروں سے متعلق شکایات شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر درخواست اور شکایت کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور متعلقہ محکموں کو بھجوا کر اس کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ این اے 127 کے مختلف علاقوں میں پانی کا مسئلہ مستقل حل کر دیا گیا ہے اس کے تحت متعدد نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کر دی گئی ہے۔ حلقے میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، گلیوں اور نالیوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، پارکوں کی تزئین و آرائش، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ترقیاتی کاموں کا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی بہتری نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر اور باوقار طرز زندگی فراہم کرنا بھی ہے۔ ساجدہ فاروق تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این اے 127 کے عوام کی خدمت ان کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے ان کی کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ عوام کا اعتماد ان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے اور اسی اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے وہ مسلسل عوام کے درمیان موجود رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری اور عوامی رابطے کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام اور قیادت کے درمیان فاصلے کم ہوں اور مسائل کے حل کا عمل مزید مو¿ثر اور تیز ہو سکے۔