بلوچستان میں فورسز کا مشترکہ آپریشن ، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 76 ہو گئی

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان میں فورسز کا مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ جاری ہے، جس میں مزید 5 خوارجیوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج ، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ میں فتنہ الخوارج کے خلاف علاقے میں موثر کارروائیاں جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے خارجیوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 5 خارجیوں کوجہنم واصل کردیا گیا ہے جس کے بعد آپریشن شعبان میں جہنم واصل ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ 'آپریشن شعبان' کامیابی سے جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں مزید 5 خوارجی ہلاک ہو گئے، جس کے بعد اب تک ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 114 تک پہنچ گئی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر114 خوارجی دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری رہیگا۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن شعبان پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 5 مزید خوارجیوں کی ہلاکت پر فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے دہشت گردوں کے خلاف موثر زمینی اور فضائی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک 114 خوارجی دہشت گردوں کی ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فورسز انتہائی متحرک، پروفیشنل اور الرٹ ہیں۔ بلوچستان کی دھرتی پر خون بہانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔