کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست کا امن خراب ہوا:چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایکشن کمیٹی نے امن کو خراب کیا، جائز مطالبات پورے ہونے کے باوجود مہاجرین نشستوں کو احتجاج کیلئے جواز بنایاگیا ۔ آزاد کشمیر میں امن و امان قائم کر ناحکومت کی اولین ترجیح ہے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست کا امن خراب ہوا۔انہوں نے کہا حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر حکومت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 20 سے 25 ارب روپے فراہم کیے، جائز مطالبات پورے ہونے کے باوجود احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا، مہاجرین کی 12 سیٹوں کو احتجاج کے لیے جواز بنایا گیا۔چیف سیکرٹری خوشحال خان نے بتایا پہلے آٹے اور بجلی کی قیمتوں سے عوامی ہمدردی حاصل کی، مطالبات بڑھتے بڑھتے نوبت یہاں تک آگئی، انہوں نے ساتھ ہی واضح کیا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔ادھر آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر آزاد کشمیر کا امن داو پر لگا رہے ہیں، شرپسندوں نے پولیس اہلکاروں کو شہید کرکے جسد خاکی کی بے حرمتی کی، پولیس کو فائرنگ کی صورت میں جوابی کارروائی کا پورا حق ہے۔آئی جی لیاقت علی ملک نے واضح کیا آزاد کشمیر میں حکومت کی رٹ ہر صورت قائم رہے گی، آزاد کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہےگا۔