صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا،شہبازشریف


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا، ذخیرہ اندوزی کرنےوالوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ،حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہازراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی،شعبے میں ترقی معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،وفاقی حکومت زراعت کے فروغ ،کسانوں کی خوشحالی کے لیے صوبوں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی ،کسانوں کو کم لاگت پر زرعی مداخل اور صارفین کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید زرعی مشینری ،پانی کے بہتر استعمال کےلئے ضروری آلات ،تکنیکی سہولیات فراہم کرنا ترجیحات بالخصوص چھوٹے ، درمیانے درجے کے کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت دلانا ضروری ہے تاکہ محنت کا پورا معاوضہ مل سکے،حکومت چاہتی ہے کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت ملے اور صارفین کو سستی گندم دستیاب ہو، مقصد کےلئے گندم کی قیمت کافیصلہ صوبوں کی مشاورت سے جلد کیا جائے گا،ملکی ضروریات پوری کرنے کےلئے گندم وافر مقدار میں موجود ہے،ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی،پنجاب میں کسانوں کی ترقی کےلئے وزیراعلیٰ مریم نوازکے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

دریں اثنایورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور اور مائیگریشن میگنس برونر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کےساتھ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے عملی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، پاکستانی ہنر مند کارکنوں ،پیشہ ور افراد کےلئے قانونی راستے کھولنے سے یورپی ممالک کی لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری اور غیر قانونی طریقوں ،سمگلنگ کے جال میں پھنسنے کے خطرات میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نے کمشنر برونر کو پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے یورپی یونین کےساتھ پاکستان کی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر ،سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،کمشنر میگنس برونر نے حکومتی اقدامات اور فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کوششیں قانونی ہجرت کے راستے کھولنے ،پاکستان و یورپی یونین کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی لیبر موبلٹی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گی۔