ایشین پیرا گیمز، حیدر علی نے ڈسکس تھرو میں چاندی کا تمغہ جیت لیا

ناگویا (مشرق نیوز) پاکستان کے نامور پیرا ایتھلیٹ حیدر علی نے جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین پیرا گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسکس تھرو کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ مردوں کے ایف 37 ڈسکس تھرو ایونٹ میں 41 سالہ حیدر علی نے 57.20 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ازبکستان کے قدرتیلوخون معروف خوجایف نے 57.39 میٹر کی تھرو کرکے سونے کا تمغہ جیتنے کے ساتھ ایشین پیرا گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ بھارت کے ہانی نے 57.04 میٹر کی تھرو کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا جہاں حیدر علی اور طلائی تمغہ جیتنے والے ازبک ایتھلیٹ کے درمیان صرف 19 سینٹی میٹر کا فرق تھا۔

حیدر علی نے بتایا کہ انہوں نے اس اہم ایونٹ کی تیاری کیلئے ایک سال تک محنت کی۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی ٹوکیو 2020 پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو کا طلائی تمغہ جیت چکے ہیں۔ انہوں نے پیرس 2024 پیرالمپکس میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ بیجنگ 2008 میں لانگ جمپ کا چاندی اور ریو 2016 میں کانسی کا تمغہ ان کے نمایاں اعزازات میں شامل ہیں۔

ناگویا میں چاندی کا تمغہ حیدر علی کے شاندار بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم اضافہ ہے۔