سکیورٹی واپس ،پولیس ناکہ لگاکرمہمانوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے،فضل الرحمن


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے کہا ہے حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان ،اسلام آباد کی رہائشگاہوں سے تمام سکیورٹی واپس لے لی ،اسلام آباد رہائشگاہ کے باہر پولیس نے ناکہ بھی لگادیا ،گھر آنے والے مہمانوں سے پوچھ گچھ ہورہی ہے۔

ادھر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا اشتعال دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،پوچھنے کے باوجود کوئی نہیں بتا رہا ناکہ کیوں لگایا گیا ،قانون کے مطابق جو کہیں گے عمل کیاجائےگا، فضل الرحمن کی سکیورٹی سے فکرمند ہیں۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے فضل الرحمن ،اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لینے کو بدترین فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا دونوں رہنماوں پر درجنوں خودکش حملے ہو چکے ایسے میں سکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی؟،قائد جمعیت کی جان و سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،فضل الرحمن کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو ذمہ داری وزیراعظم ،وزیر داخلہ پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب فضل الرحمن کے ساتھی مفتی ابرار پر اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش، کارسرکار میں مداخلت ،پولیس پر پتھراو کا مقدمہ درج کرلیا گیا،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔