گوہاٹی ٹیسٹ: بھارت کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں ایک اور عبرتناک شکست

گوہاٹی (مشرق نیوز) جنوبی افریقہ نے گوہاٹی ٹیسٹ میں 408 رنز سے فتح حاصل کرکے بھارت کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔ گوہاٹی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم 549 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پانچویں روز صرف 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارتی بلے باز جنوبی افریقی سپنرز کے آگے بے بس دکھائی دئیے۔ یہ بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست ہے۔ بھارت نے 27 رنز 2 کھلاڑی آوٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو کچھ ہی دیر بعد کلدیپ یادیو (5) اور دھروو جوریل (2) ایک ہی اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان رشبھ پنت بھی 13 رنز بناکر چلتے بنے۔ صرف 58 رنز پر آدھی بھارتی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔ سائی سدھرشن آوٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جنہوں نے 139 گیندوں پر 14 رنز بناکر بھارت کی دوسری سست ترین اننگز کھیلی۔

واشنگٹن سندر 16 جبکہ نتیش کمار ریڈی اور محمد سراج بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے۔ سائمن ہارمر نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 37 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ کیشو مہاراج نے 3 اور سینوران متھوسامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز 260 رنز 5 کھلاڑی آو¿ٹ پر ڈکلیئر کرکے بھارت کو جیت کیلئے 549 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ٹرسٹان سٹبز 94، ٹونی ڈی زورزی 49، رائن ریکلٹن 35، ایڈن مارکرم 29 اور کپتان ٹمبا باووما 3 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے جبکہ ویان ملڈر 35 رنز پر ناٹ آو¿ٹ رہے تھے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 4 اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سینوران متھوسامی (109) اور مارکو جینسن (93) کی کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت 489 رنز بنائے تھے۔ بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 201 رنز پر آل آوٹ ہوگئی تھی۔ یشسوی جیسوال 58 اور واشنگٹن سندر 48 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔