ریمپ واک پر تنقید کے بعد جنت مرزا کا ردعمل منظرعام پر

لاہور (مشرق نیوز) برائیڈل کاوچر ویک میں ریمپ واک پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد سوشل میڈیا سٹار جنت مرزا نے آخرکار خاموشی توڑ دی ہے۔ جنت مرزا نے اپنی وضاحتی ویڈیو میں تسلیم کیا کہ ریمپ واک ان کیلئے توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوئی، حالانکہ ابتدا میں انہیں لگا تھا کہ وہ اسے آسانی سے مینیج کر لیں گی۔

جنت مرزا کے مطابق شو کے دوران ان کا لباس غیر معمولی حد تک بھاری تھا، جسے سنبھالنا ان کیلئے مشکل ہو گیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک اور ذاتی وجہ بھی تھی جس کے باعث وہ ذہنی دباو کا شکار تھیں تاہم اس حوالے سے انہوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ انکا کہنا تھا کہ شو کے دوران کئی چیزیں ریہرسل کے مطابق نہیں ہوئیں جس کا براہ راست اثر ان کی واک پر پڑا۔

جنت مرزا نے مزید کہا کہ ریمپ پر لائٹنگ اور دیگر انتظامی معاملات بھی ویسے نہیں تھے جیسے انہیں بتایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ کنفیوژ ہو گئیں تاہم ان تمام مشکلات کے باوجود ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر یہ تجربہ ان کیلئے نیا اور سیکھنے والا رہا۔

جنت مرزا کی جانب سے دی گئی اس وضاحت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جہاں صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ کچھ مداحوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی جبکہ بعض صارفین اب بھی ریمپ واک کے معیار پر سوال اٹھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔