لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)سندھ فیڈرز پر گیس کی قلت سے پنجاب میں بجلی بحران،بدترین لوڈشیڈنگ،نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا۔
ترجمان لیسکو لاہور ڈویژن نے روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا چشمہ ، میٹاری کے فیڈرز میںفنی خرابیوں، پریشر ،قدرتی گیس ذخائر میں کمی کے باعث گیس کی ترسیل میں رکاوٹ نے سب زیادہ پنجاب کو متاثر کیا ،کئی تھرمل پاور پلانٹس گیس کی قلت کے سبب جزوی یا مکمل طور پر بند ہو چکے،تھرمل پاور پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 30 سے 40 فیصد کم ہونے پرلاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں روزانہ 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ،صنعتی صارفین کو بھی گیس کی بندش کا سامنا ،پیداواری عمل متاثر ہورہا ہے۔
لیسکو ترجمان نے مزید کہا گیس کی مستقل بحالی کےلئے رابطے جاری ہیں،مسئلے کو جلد حل کر لیا جائےگا،لیسکو کی موجودہ طلب 2995 میگاواٹ ،لیسکو کو 2164 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، نتیجے میں شارٹ فال بڑھ کر 636 میگاواٹ ہو چکا ،ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی فنی خرابی کی صورت میں فوری مرمت و بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
سندھ فیڈرز پر گیس کی قلت سے پنجاب میں بجلی بحران،بدترین لوڈشیڈنگ



















