ٹی 20ورلڈکپ میں جانا یا نہیں،حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کریں گے،محسن نقوی


لاہور:(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کا دہرا معیار مسترد کرتے ہوئے کہاہے ورلڈ کپ میں ٹیم بھیجنے کا فیصلہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد ہوگا،حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کریں گے۔

محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اورٹی 20ورلڈ کپ پرپی سی بی کے موقف پر اعتماد میں لیا،کھلاڑیوں نے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کردی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہابھارت میں نہ کھیلنے کا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولوں پر مبنی ہے،آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتے ہیں،کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنگلہ دیش کی حمایت کی، حکومت کے فیصلے پر من و عن عمل کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو اصولوں پر چلنا چاہیے،قومی کھلاڑی با صلاحیت اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں،کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے،پاک آسٹریلیا ٹی 20سیریز کیلئے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی پیر کو وزیراعظم سے ملاقات متوقع ہے ،ٹی 20ورلڈ کپ پر مشاورت ہوگی۔