ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا: محسن نقوی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا بھارت کی میزبانی میں ہونیوالی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کا فیصلہ چند روز بعد ہوگا،ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی، ملاقات میں محسن نقوی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین حالیہ صورتحال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی معاملے کو تمام دستیاب آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کیا جائے، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری رہی جبکہ قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے تمام پہلووں پر غورکیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو بتایا آئی سی سی بھارت کےلئے ایک قانون اور دیگر ممالک کےلئے دوسرا قانون لاگو کرتا ہے، بھارت نے پہلے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی میزبانی قبول نہیں کی تھی جس کے بعد اسے متبادل وینیو فراہم کیا گیا،محسن نقوی نے مزید کہا بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا مگر آئی سی سی نے متبادل وینیو دینے کے بجائے ورلڈکپ سے خارج کر دیا،اگر پاکستان ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو شمولیت کے عوض حاصل ہونےوالی رقم بھی نہیں ملے گی ،بھارت کےساتھ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں نقصان زیادہ بھارت کو ہوگا،دوسری جانب آئی سی سی ورلڈ کپ سے بنگلا دیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے احتجاج کےلئے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا،ذرائع کے مطابق پاکستان 15فروری کو کولمبو میں بھارت کے میچ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے ، بھارت کےخلاف میچ نہ کھیلنے سے صرف پاکستان کے 2 پوائنٹ کٹ سکتے ہیں،ذرائع کے مطابق پی سی بی کے پاس بھارت کےخلاف میچ نہ کھیلنے کا آپشن موجود ہے اور بھارت کےخلاف میچ نہ کھیلنے سے آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان ہوگا، ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کی صورت میں بھی بورڈ آپشنز اوپن رکھے گا۔