صوبائی حکومت کے کچہ ایریاز میں ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی دی جائیگی:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس راﺅ عبدالکریم کی زیر صدارت کچہ ایریا میں جاری پولیس آپریشن کے حوالے سے فالو اپ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پولیس انفراسٹرکچر اور آپریشنل سٹریٹیجی کو مزید مضبوط بنانےبارے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کچہ ایریاز میں انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچہ کے علاقوں میں حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور شرپسند عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ پولیس آپریشن کیلئے بھرپور سرپرستی اور ضروری وسائل کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیورٹی انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور مختلف منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ کچہ ایریا میں قائم تھانوں اور چوکیوں کیلئے مزید بلٹ پروف گاڑیاں، جدید تھرمل امیجنگ کیمرے، کواڈ کاپٹرز اور دیگر جدید آلات کی خریداری عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر کچہ کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مو¿ثر مانیٹرنگ کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔