ایران کےساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ہے: ٹرمپ

اسلا م آباد، واشنگٹن، تہران (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کےساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہوسکتا ، اچھی خبر متوقع ہے، امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کے ساتھ 36 سے 72 گھنٹوں میں مذاکرات کا امکان ہے، فوج ناکہ بندی جاری رکھے، ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہے، جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران تجاویز پیش نہیں کر دیتا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے کہا افواج جنگ کیلئے بدستور تیار ہیں ، ایران کےساتھ جنگ بندی کے دوران اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،سوشل میڈیا پر جاری بیان اور ویڈیو میں جنگی طیاروں، بحری جہازوں اور امریکی فوجیوں کو دکھایا گیا، ویڈیو میں سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ساتھ پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے بھی دکھا جا سکتا ہے۔

ایڈمرل کوپر نے کہا ہم دوبارہ اسلحہ سے لیس ہو رہے ہیں، اپنی حکمت عملی اور طریقہ کار کو بہتر بنا رہے ہیں، دنیا میں کوئی بھی فوج ہماری طرح خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، ہم جنگ بندی کے دوران یہی کام کر رہے ہیں، ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں خلاف ورزیوں کے الزام میں 2 بحری جہازوں کو روک کر ایرانی حدود میں منتقل کر دیا۔

پاسداران بحریہ نے کہا بغیر اجازت ایم ایس سی فرانسسکا، ایپامینوڈس نے نیوی گیشن سسٹم میں خلل ڈالا، دونوں جہاز آبنائے ہرمز میں سیفٹی کو خطرے میں ڈالنے پر قبضے میں لیے گئے،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا پاسداران انقلاب نے دشمنوں کے اہداف اور سازشوں کو ناکام بنا دیا،پاسداران انقلاب گارڈ کے 48 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں مسعود پزشکیان نے کہا انقلابی ادارے نے امریکہ اور صہیونی حکومت کی حالیہ مسلط کردہ جنگوں میں اپنے دانشمندانہ اور فاتحانہ ردعمل سے دشمنوں کے اہداف اور سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

ادارے نے خطرات کا مقابلہ کیا اور ملک کی انقلابی اقدار کی حفاظت کی ہے،ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا سفارتکاری قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کا ذریعہ ہے، جب محسوس ہوا سفارتکاری قومی مفادات کےلئے بہتر ہے تو اقدامات کریں گے،ایرانی پارلیمان کے رکن، قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائیکا نے اپنے بیان میں امریکہ کا نام لیے بغیر کہا آنکھ کے بدلے آنکھ اور آئل ٹینکر کے بدلے آئل ٹینکر،سوشل میڈیا پر فارسی زبان میں کی گئی پوسٹ میں ابراہیم رضائیکا نے کہا جس طرح 40 روزہ جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دیا گیا۔

اسی طرح اب بھی نام نہادایپسٹن کے سمندری ڈاکووں کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے، آنکھ کے بدلے آنکھ اور آئل ٹینکر کے بدلے آئل ٹینکر کی پالیسی اپنائی جائےگی۔ ایپسٹین کے ساتھی کھیل کو فتح میں نہیں بدل پائیں گے جسے وہ ہار چکے ہیں،ادھر پاکستان، ایران امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور یقینی بنانے کےلئے پر عزم ،ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح میں سینئر وفاقی وزراءاور اعلیٰ حکام نے شرکت کی،اجلاس میں ایران امریکا جنگ بندی میں توسیع کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، پاکستانی قیادت ایرانی قیادت کےساتھ رابطے کرے گی۔