اسلام آباد (مشرق نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے لیکن کسی حتمی معاہدے پر نہیں پہنچے، بغیر کسی ڈیل کے امریکہ جا رہے ہیں۔ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے مذاکرات کے بعد اسلام آباد میں پریس بریفنگ میں بتایا کہ ہمارے ایران کے ساتھ طویل مذاکرات ہوئے ہیں لیکن بری خبر یہ ہے کہ ابھی تک حتمی معاہدے تک نہیں پہنچے اور یہ امریکہ سے زیادہ ایران کیلئے بری خبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 21 گھنٹے سے مذاکرات جاری ہیں جن میں مختلف امور پر بات چیت ہو رہی ہے، مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ شرکت کی اور اپنی شرائط واضح طور پر پیش کی ہیں، ایران نے امریکی شرائط تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ کسی ڈیل کے بغیر ہم واپس امریکہ جا رہے ہیں، ایرانی وفد سے جوہری ہتھیاروں سے متعلق کوئی واضح عزم نہیں سنا، ہمیں واضح اور مثبت تصدیق درکار ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کریگا۔ پریس بریفنگ کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا، بعدازاں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے واپس امریکہ روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں ایرانی حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران، امریکہ مذاکرات 14 گھنٹے بعد مکمل ہوگئے، فریقین کے تکنیکی ماہرین اس وقت تحریری مسودوں کا تبادلہ کر رہے ہیں، بعض اختلافات رہ گئے ہیں اس کے باوجود مذاکرات کا سلسلہ جاری رہیگا۔ ایران نے مذاکرات آج بھی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی تجویز اور مذاکراتی ٹیموں کے اتفاق کرنے پر ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات وقفے کے بعد اتوار کو بھی جاری رہیں گے۔
ایران کیساتھ کوئی ڈیل نہ ہوسکی: امریکی نائب صدر، وفد کے ہمراہ وطن واپسی


















