اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے جنگ کے شعلے بجھ گئے، پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،سیز فائر کیلئے فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگے، ایرانی و امریکی قیادت سے رابطے میں رہے۔
شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ایران امریکہ مذاکرات میں اہم کردار پر فیلڈ مارشل کےلئے تالیاں بجائی گئیں،اراکین نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا،تمام ممبران کو مٹھائی کھلائی گئی،دوران اجلاس جمعہ کے دن کو یوم تشکر کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی گئی مذاکرات کی کامیابی کےلئے خصوصی دعائیں کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان ،دوست ممالک نے امن معاہدے کےلئے بھرپور کوششیں کیں،جنگ کے شعلے پورے خطے کو تقریباً لپیٹ میں لے چکے تھے ،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و قار سے نوازا، سفارتی محاذ پر کامیابی پورے 24 کروڑ عوام کی فتح ہے،پوری دنیا میں ٹی وی چینلز پاکستان کی کامیابی کی بات کررہے ہیں ،رب کے حضور سجدہ ریز ہونے کا موقع ہے،ایک ماہ سے زائد عرصے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،ٹیم نے انتھک محنت کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگے، امریکی اور ایرانی قیادت کےساتھ رابطے میں رہے۔
وزیراعظم نے کہا سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہے اوررہے گی، مشترکہ کاوشوں سے مسلم ممالک کے درمیان امن کا کردار ادا کیا، اپنے پورے سیاسی کیریئر میں عسکری و سیاسی قیادت میں اتنا کوآرڈی نیشن کبھی نہیں دیکھا،ایرانی وامریکی صدر کاشکرگزار ہوں،قطر، ترکیہ، مصر، عمان، انڈونیشیا، یو اے ای، ترکیہ، سعودی عرب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،جنگ وقتی طور پر ٹل گئی مگر منزل پائیدار و دیرپا امن کا قیام ہے، جمعہ کوامریکی و ایرانی وفود پاکستان آئیں گے امید ہے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
شہبازشریف نے کہاجنگ میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوشش کی گئی،تمام دوست ملکوں نے امن کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیا،دنیا پاکستان کوعزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، عزت کسی فرد نہیں پوری قوم کی ہے۔
دریں اثنا اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سیز فائر کی خلاف ورزیاں امن عمل کی روح کو متاثر کر رہی ہیں، تمام فریقوں سے مخلصانہ درخواست ہے تحمل کا مظاہرہ کریں،جنگ زدہ علاقے میں بعض مقامات پر سیز فائر خلاف ورزی کی اطلاعات تشویشناک ہیں،فریقین 2ہفتوں کی سیز فائرکا احترام کریں تاکہ سفارت کاری کو آگے بڑھنے اور تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کرنے کا موقع مل سکے،وزیراعظم نے اپنی پوسٹ امریکی و ایرانی قیادت کو بھی ٹیگ کردی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف ،ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،دونوں رہنماوں نے جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا،45 منٹ تک جاری رہنے والی ٹیلیفونک گفتگو میں حالیہ جنگ بندی و مستقبل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے سیز فائز کےلئے ایرانی قیادت کی ذہانت کی تعریف کرتے ہوئے امریکہ کےساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کےلئے آمادگی پر شکریہ ادا کیا،سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کےلئے تعظیم کا پیغام بھی بھجوایا،اعلامیے کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے جنگ بندی کےلئے اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف ،پاکستانی لیڈر شپ کا شکریہ ادا اور پاکستانی عوام کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیاایران کا وفد مذاکرات کےلئے اسلام آباد آئے گا۔
جنگ کے شعلے بجھ گئے،فیلڈمارشل کااہم کردار،فریقین سیز فائرکا احترام کریں،وزیراعظم

















