پاکستان کا تیار کردہ جنگ بندی فریم ورک امریکہ، ایران سے شیئر

لندن (مشرق نیوز) برطانوی خبر ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے جامع جنگ بندی کا فریم ورک امریکہ اور ایران کیساتھ شیئر کر دیا۔جنگ بندی تجویز سے واقف ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے شیئر فریم ورک 2 مراحل پر مشتمل ہے۔

پہلے مرحلے میں فوری جنگ بندی جبکہ بعد میں جامع معاہدہ شامل ہے، امریکہ اور ایران کو جارحیت کے خاتمے اور فوری جنگ بندی کا منصوبہ موصول ہو گیا۔رائٹرز کا کہنا ہے کہ ایران جنگ سے متعلق تمام عناصر پر آج اتفاق ہونا ضروری ہے، ابتدائی مفاہمت کو ایک یادداشت مفاہمت کے طور پر تشکیل دیا جائیگا، اسلام آباد معاہدے پر آج اتفاق رائے متوقع ہے۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر رات بھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ سے رابطے میں رہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان، چین اور امریکہ کے وقتی جنگ بندی کی تجاویز پر ایران کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔ سینئر ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایران کو پاکستان کی تجویز موصول ہوئی ہے، جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی فیصلے کیلئے کسی قسم کی ڈیڈ لائن یا دباو قبول نہیں کریگا۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر دھمکیوں اور گالیوں کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے پرانی ڈیڈ لائن میں 24 گھنٹے کی توسیع کر دی، معاہدے کیلئے ڈیڈ لائن کا وقت منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم جاری کر دیا جو ایران میں بدھ کی صبح ساڑھے 3 اور پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کی صبح 5 بجے ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران جوابی حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سویلین انفراسٹرکچر، بجلی گھروں پر حملوں کا ایران اسی انداز میں جواب دیگا، درد صرف ایران تک محدود نہیں رہیگا بلکہ پورے خطے میں محسوس کیا جائیگا۔